ریاض،26اکتوبر(ایجنسی) سعودی عرب اور قازخستان کے درمیان جوہری توانائی کے پُرامن استعمال سے متعلق ایک سمجھوتا طے پا گیا ہے۔
اس سمجھوتے پر سعودی عرب کی جانب سے شاہ عبداللہ سٹی برائے جوہری اور قابل تجدید توانائی کے صدر ڈاکٹر ہاشم یمنی اور قازخ وزیر توانائی قنات بوزم بیوف نے دستخط کیے ہیں۔
دونوں ملکوں کے درمیان یہ سمجھوتا قازخستان کے صدر نور سلطان نذر اے
بائیوف اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان منگل کو مذاکرات کے بعد طے پایا ہے۔انھوں نے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
دونوں ملکوں میں مفاہمت کی ایک یادداشت اور تین سمجھوتے طے پائے ہیں۔مفاہمت کی یادداشت دونوں ملکوں کے درمیان زراعت اور مویشی بانی میں تعان سے متعلق ہے۔اس پر سعودی عرب کی جانب سے ماحول ،پانی اور زراعت کے وزیر عبدالرحمان الفاضلی اور قازخستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر زراعت عسکر میرزاخ میتوف نے دستخط کیے تھے۔